اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے ساتھ مل کروزیراعظم کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے کل سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر وزیراعظم کے خلاف تحریک استحقاق کے معاملے کو بھرپو ر انداز میں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں کی گئی اپنی ہی تقریر سے لاتعلقی چاہتے ہیں تو یہ پارلیمنٹ کے لئے بہت بڑی بات ہے جس کا اسپیکر کو نوٹس لینا چاہئیے،
میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وکلاء نے سپریم کورٹ میں جو بیان دیا وہ وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر کے برعکس تھا۔ اس لیے اجلاس میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر معاملے کو اٹھائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر حکومتی خاموشی پر تشویش ہے، تحر یک انصاف آئندہ انتخابات میں موجود انتخابی نظام قبول نہیں کرے گی۔
اس سے قبل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ کو جھوٹ کے ذریعے گمراہ کرنے کی کوششوں کی اوراب وزیراعظم احتساب سے فرار کیلئے پوری محنت کر رہے ہیں لیکن پارلیمان، عدالت اور عوام سب کے وزیر اعظم کا احتساب ضروری ہے۔