اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے متعلق فون پر رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے جنوبی افریقا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اور مقبوضہ جمّوں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیرمیں 12 دن سے کرفیو کے سبب زندگی اجیرن ہوچکی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کوخوراک ادویات تک میسرنہیں ہو رہیں، بھارت غیرآئینی اقدامات سے خطے کے امن کو تہہ وبالا کرنا چاہتا ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مواصلات کے تمام ذرائع بند ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی کونسل کو لکھے گئے خط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔
جنوبی افریقا کی وزیرخارجہ ڈاکٹرنالیڈی پنڈور نے کہا کہ صورت حال مانیٹر کر رہے ہیں انہوں نے جنوبی افریقا کی پارلیمان سے متفقہ قرارداد لانے کا عندیہ بھی دیا۔
شاہ محمود قریشی کا پیرو اور جمہوریہ ڈومینیکن کے وزرائے خارجہ سے فون پر رابطہ
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ پیرو اور جمہوریہ ڈومینیکن کے وزرائے خارجہ سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے متعلق فون پر رابطہ کیا تھا۔