کابل : شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغان ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے چیلنجز مشترکہ ہیں، مل کر نمٹنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک روزہ دورہ افغانستان کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی اور افغان ہم منصب سے ملاقات کی اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود بھی وجود تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے چیلنجز مشترکہ ہیں، مل کر نمٹنا ہوگا، دونوں ممالک میں تعلقات کے مزید فروغ کی صلاحیت موجود ہے، مثبت سمت میں کام کرنا ہوگا تعاون کے عمل کو مزید بڑھانا ہوگا۔
پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن خطے کا امن ہے، پاکستان اور افغانستان کو مل کر امن کے لیے کام کرنا ہوگا۔
افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ منصب سنبھالنے کے بعد شاہ محمود قریشی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان سمیت خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
افغان حکام کے ساتھ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے شاہ محمود قریشی کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان صدر سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تجارتی امور اور دونوں ممالک کے ایکشن پلان برائے امن بات کی گئی، جبکہ مذاکرات کے دوران جلال آباد قونصل خانے کی بندش کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔