اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں دونوں ممالک ایک ساتھ ترقی کریں اور خوشحال ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں دونوں ممالک ایک ساتھ ترقی کریں اور خوشحال ہوں۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر برسلز پہنچے ہیں جہاں وہ نیٹو کے جنرل سیکریٹری اسٹولٹن برگ اور یورپی یونین کی عہدیدار فیڈ ریکا موگرینی سے ملاقاتیں کریں گے۔
برسلز روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ طویل مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط ہوں گے، یہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹجک پلان پر جو معاہدہ طے پایا ہے اس پر 25 جون کو اعلیٰ عہدے دار فیڈریکا موگرینی کے ساتھ دستخط کروں گا، اس معاہدے سے یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہوگا۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون رہا، افغانستان کے معاملات میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد کی، نیٹو کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی معاملات میں تعلق برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔