کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں 80 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو سالانہ کثیر زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر پاکستانی آفیشلز سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کمیونٹی سروس سینٹر کا افتتاح کیا، کمیونٹی سروس سینٹر پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیرخارجہ نے ملائیشیا میں پاکستانی سفارت کاروں کی خدمات کی تعریف کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
کمیونٹی سروس سینٹر سے ایک ہی جگہ تمام قونصلر سروسز کی دستیابی یقینی ہوگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ملائشیا میں اسی ہزار پاکستانی مقیم ہیں، جو سالانہ کثیر زر مبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملائیشین نائب وزیر خارجہ احمد مرزوقی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی۔
پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شاہ محمود قریشی
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی ، ملائیشیا کو بھارتی دھمکیاں بالائے طاق رکھ کر کشمیر پر اصولی مؤقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔