ممبئی : بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رُخ خان کی تنازعات کی نذر ہونے والی فلم ’پٹھان‘ بھارت سمیت دنیا کے سو سے زائد ممالک میں ریلیز کر دی گئی۔
جسے دیکھنے کیلئے فلمی شائقین اور شاہ رخ خان کے مداحوں کا ہجوم امڈ آیا جس میں ایک معذور لڑکا بھی شامل ہے جسے اس کا دوست اپنی پیٹھ پر بٹھا کر سنیما ہال تک لایا۔
بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘دکھانے کے لیے ایک نوجوان خاص طور پر اپنے معذور دوست کو بہار سے مغربی بنگال لے کر پہنچ گیا۔
نوجوان نے صوبہ بہار کے بھاگلپور سے مغربی بنگال کے مالدہ تک خصوصی طور پر اپنے معذور دوست کو پیٹھ پر بٹھا کر سفر طے کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
A disabled fan of @iamsrk, who cannot walk on his own feet. He rode on his friend's shoulder from Bhagalpur in Bihar to watch the movie #Pathaan at Samsi Pawan Talkies cinema hall in Malda, West Bengal. #Pathaan100crWorldwide
— JUST A FAN. (@iamsrkfan_brk) January 26, 2023
گزشتہ روز سینما گھروں کی زینت بننے والی فلم ’پٹھان‘میں شاہ رخ خان چار سال بعد کسی فلم میں جلوہ گر ہورہے ہیں۔
شاہ رخ کا ایک معذور پرستار جو اپنے پیروں پر چل پھر نہیں سکتا وہ اپنے دوست کے کندھے پر سوار ہو کر مغربی بنگال کے سنیما ہال میں فلم پٹھان دیکھنے پہنچ گیا۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اس کا دوست سنیما ہال کے باہر اس شخص کو اپنی پیٹھ پر پکڑے ہوئے کھڑا ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھنے والوں نے شاہ رخ خان کے ان مداحوں کے جذبے کو سراہا، صارفین نے اس دوست کو "حقیقی ہیرو” قرار دیا۔ کسی نے تبصرہ کرتے ہوئے گانے کے بول لکھے کہ ایسی دیوانگی دیکھی نہیں کہیں میں نے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان پہلی ہندی فلم بن گئی ہے جس نے ریلیز کے پہلے ہی دن دنیا بھر میں 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کیا جبکہ دوسرے دن باکس آفس کلیکشن 127 کروڑ روپے کو عبور کرچکی ہے، جس کے بعد پٹھان اب تک کی سب سے کامیاب فلم کا درجہ حاصل کرچکی ہے۔