بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف گٹکھا برانڈ کے ساتھ اپنی وابستگی کی وجہ سے قانونی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور میں ڈسٹرکٹ کنزیومر کمیشن کی جانب سے تینوں اداکاروں کو پان مصالحہ کے مبینہ طور پر گمراہ کن اشتہارات پر جاری کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کمیشن نے ومل پان مصالحہ کے چیئرمین ومل کمار اگروال کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے چاروں افراد کو رواں ماہ کی 19 تاریخ کو طلب کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کمیشن نے جاری کردہ نوٹس میں کہا کہ ومل کمار سمیت تینوں اداکاروں یا تو خود یا پھر اپنے نمائدے کے ذریعے حاضری کو ممکن بنائیں ورنہ غیر حاضری کی صورت میں کمیشن اپنا یکطرفہ فیصلہ جاری کردے گی۔
اس کے علاوہ کمیشن نے تمام اداکاروں اور پان مصالحہ مینوفیکچرنگ کمپنی کو نوٹس کی وصولی کے دن سے 30 دن کے اندر اپنے جوابات داخل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جےپور سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل کی جانب سے کمیشن کو شکایت کی گئی تھی کہ پان مصالحہ میں زعفران شامل ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں لوگ اس مضر صحت پان مصالحے کا استعمال کر رہے ہیں اور کمپنی کروڑوں روپے کما رہی ہے۔