ممبئی: بالی وڈ کے ’کنگ‘ شاہ رخ خان کو وکیل کی جانب سے قتل کی دھمکی دینے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق رائے پور سے تعلق رکھنے والے وکیل کو شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی دینے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے شاہ رخ خان اور ان کی فیملی کی نقل و حرکت، احساس معلومات اور سکیورٹی کی تفصیلات آن لائن حاصل کیں۔ ملزم کے دوسرے موبائل فون کے فرانزک تجزیہ کے بعد یہ انکشاف ہوا۔
ملزم سُپر اسٹار اور فیملی کی سکیورٹی کی نوعیت کی معلومات جمع کرنے کے پیچھے محرکات کے بارے میں مضحکہ خیز اور گمراہ کن جواب دے رہا ہے۔
7 نومبر کو ملزم نے باندرہ پولیس اسٹیشن کو فون کر کے شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی دی تھی جس کے بعد فوری طور پر پولیس ایکشن میں آئی تھی اور مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ملزم نے فون کہا تھا کہ ’کیا شاہ رخ خان وہی نہیں جو منت میں رہتا ہے۔۔۔ اگر وہ 50 لاکھ روپے ادا نہیں کرتا تو میں اسے مار ڈالوں گا‘۔
جب آن ڈیوٹی پولیس اہلکار نے ملزم سے شناخت پوچھی تو اس کا کہنا تھا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میرا نام ہندوستانی ہے‘ اور اس نے کال منقطع کر دی تھی۔