بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے آریان خان کی حفاظت کے لیے اہم قدم اٹھا لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان اپنے بیٹے آریان خان کے لیے ایک قابل اعتماد باڈی گارڈ کی تلاش میں ہیں۔
شاہ رخ خان کو اپنے بیٹے کے لیے ایسا ذاتی محافظ درکار ہے جو ہمیشہ آریان کے ساتھ رہے اور انہیں ہر پریشانی سے بچائے، بالکل اسی طرح جس طرح شاہ رخ کے محافظ روی سنگھ برسوں سے کنگ خان کے ساتھ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کو جلد ہی اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لیے شہر اور ملک سے باہر جانا ہوگا، ان کے ساتھ محافظ روی سنگھ بھی ہوں گے، روی سنگھ نے مشکل وقت میں آریان خان کی بہت مدد کی اور ان کی حفاظت کی ذمہ داری بھی لی۔
روی سنگھ کی غیرموجودگی میں شاہ رخ خان خاص طور پر کوئی ایسا قابل اعتماد شخص چاہتے ہیں جو آریان خان کی حفاظت کرسکے اور ان کے ساتھ رہ سکے۔
مزید پڑھیں: ‘آریان خان کو منشیات کیس میں پھنسانے میں بی جے پی رہنما ملوث ہیں’
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی انسداد منشیات فورس (این سی بی) نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جس کے گواہ نے حیران کن انکشاف کیا تھا۔
گواہ وجے پگارے نے 4 نومبر کو ممبئی پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ آریان خان کو منصوبہ بندی کے تحت منشیات کیس میں پھنسایا گیا ہے کیوں کہ منشیات کیس کچھ لوگوں کا پیسہ کمانے کا ذریعہ ہے۔
وجے پگارے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کے پاس منشیات کیس میں منصوبہ بندی کے تحت آریان خان کو پھنسانے کی وجوہات ہیں اور اس کیس میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارتی منیش بھانوشالی مبینہ طور پر ملوث ہیں۔
خیال رہے کہ کروز شپ منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کچھ روز قبل ہی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔