ممبئی : بھارتی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار شاہ رخ خان (المعروف کنگ خان) کو قتل کی دھمکی دینے والا ملزم بالآخر قانون کی گرفت میں آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کو ایک فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں مارنے کی دھمکی اور 50 لاکھ روپے بھتہ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ممبئی پولیس نے منگل کو چھتیس گڑھ کے رائے پور سے ایک وکیل کو مبینہ طور پر شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور بالی ووڈ سپر اسٹار سے گزشتہ ہفتے 50 لاکھ روپے کاتاوان طلب کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ممبئی پولیس کے ایک اعلی افسر نے 42 سالہ وکیل فیضان خان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ رائے پور کی مقامی عدالت کی جانب سے ٹرانزٹ ریمانڈ کی منظوری کے بعد ملزم کو ممبئی منتقل کیا جارہا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملزم فیضان خان پیشے سے وکیل ہے اور اسے بذریعہ ٹرین رائے پور سے ممبئی لایا جارہا ہے کل بروز بدھ اسے مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی پولیس نے نامور سیاستدان بابا صدیقی پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو ریاست اتر پردیش کے علاقے بہرائچ سے گرفتار کر لیا۔
مرکزی ملزم شیو کمار کو یوپی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ممبئی کرائم برانچ کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا جو نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔