لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے ایف آئی اے میں پیشی کے سلسلے میں وکلاسےمشاورت شروع کر دی، وکلا نے دونوں رہنماؤں کو ضمانت قبل از گرفتاری کا آپشن استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے میں پیشی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے وکلاسےمشاورت شروع کر دی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنماؤں نے اعظم نذیر تارڑ،امجدپرویزاور دیگروکلا سے مشاورت کی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ وکلا نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازکو ضمانت قبل از گرفتاری کا آپشن استعمال کرنےکا مشورہ دیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیکرایف آئی اے پیشی پرجانےیا نہ جانےکافیصلہ ہوگا، اتوارکے روز وکلا سے حتمی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حتمی مشاورت کے بعد لیگی رہنماؤں کوپیشی سےمتعلق اعتمادمیں لیاجائےگا اور وکلاسےحتمی مشاورت کی روشنی میں ن لیگ حکمت عملی تیار کرے گی۔
یاد رہے شوگرانکوائری اسکینڈل میں ایف آئی اے نے تحقیقات کیلئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو طلب کرلیا ہے ، حمزہ شہباز کو 24 جون کو طلب کرلیا ہے ، ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کے سی ای او کی حیثیت سے طلب کیا گیا، انکوائری میں شامل نہ ہونے پر انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔