لاہور: وزیر اعلٰی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان سے کوئی کوتاہی تو ہو سکتی ہے لیکن وہ جان بوجھ کر کوئی غلطی نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا پاکستان کا بننا ہی اقلیتوں کی کامیابی تھی، انہیں بیرون ملک اقلیتوں کی زندگی گزارنے کا تجربہ ہے، وزیر اعظم عمران خان بھی اقلیتوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بہت سے لوگوں سے زیادہ ترقی پسند ہیں، ہم قائد اعظم کے فلسفے کو آ گے لے کر چلیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے کہا عمران خان سے کوئی کوتاہی تو ہو سکتی ہے لیکن وہ جان بوجھ کر کوئی غلطی نہیں کریں گے، ہم عدالتوں پر مکمل یقین رکھتے ہیں، نا پسندیدہ فیصلے پر بھی سرنگوں ہوں گے۔
مزید پڑھیں : عثمان بزدار بااختیار وزیراعلیٰ ہیں، پنجاب اور اس کے وسائل محفوظ ہاتھوں میں ہیں، شہبازگل
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، دنیا کے کسی بھی ملک میں مذہب کی جبری تبدیلی نہیں ہونی چاہیئے، اگر اقلیتیں سمجھتی ہیں کہ قانون سازی ہونی چاہیئے تو وہ اپنی تجاویز دیں۔
گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہبازگل نے مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عثمان بزدار بااختیار وزیراعلیٰ ہیں، حسن مرتضیٰ کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، صوبہ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔