لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ انھوں نے نواز شریف کے ساتھ علاج کے سلسلے میں جیل میں 45 منٹ تک ملاقات کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وہ پروفیسر شاہد اور پروفیسر ثاقب کے ساتھ نواز شریف سے 45 منٹ تک ملے۔
[bs-quote quote=”نواز شریف درخواست ضمانت کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ترجمان پنجاب حکومت”][/bs-quote]
شہباز گل نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ نواز شریف کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ انھوں نے ملاقات میں نواز شریف کو وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا پیغام پہنچایا، نواز شریف سے کہا پنجاب حکومت آپ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
شہباز گل نے بتایا کہ نواز شریف سے کہا کہ اگر وہ برطانیہ سے ڈاکٹر بلانا چاہتے ہیں تواس کے لیے بھی تیار ہیں، تاہم نواز شریف نے بتایا کہ انھوں نے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے، وہ درخواست ضمانت کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں ،وزیراعظم عمران خان کا اعلان
پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف چاہیں تو ڈاکٹر کو یہاں بلائیں مکمل سیکورٹی دی جائے گی، تاہم ضمانت ملتی ہے تو نواز شریف بیرون ملک اپنے ڈاکٹر بیکر، ڈاکٹر لارنس سے علاج کرانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں، وہ جس ڈاکٹر یا اسپتال سےعلاج چاہتے ہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔