لاہور: مریم اورنگ زیب کے بیان پر ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے پاس سیاست کے لیے نواز شریف کی صحت کے علاوہ ایشو نہیں بچا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ نواز شریف چوری پکڑی جانے اور پھر جرم ثابت ہونے پر جیل میں ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ جیل میں ہونے پر میاں صاحب نے اس بار عید پاکستان میں گزاری، ن لیگی قیادت ان کی صحت پر مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب اور جیل حکام ایس او پیز کے مطابق کام کر رہے ہیں، عید کی چھٹیوں میں جیل میں بھی چھٹی تھی، نواز شریف کی صحت معمول کے مطابق ٹھیک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عید پر بھی نواز شریف کو اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا: مریم اورنگزیب
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عید سے پہلے نواز شریف نے فیملی اور 225 سے زائد کارکنوں سے ملاقات کی تھی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے کل ان کی فیملی کی ملاقات کروائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ عید پر بھی نواز شریف کو ان کے اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا، عمران خان اپنی نا اہلی کا بدلہ نواز شریف سے لے رہے ہیں۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف سے بدلہ لینے سے ملک کی ترقی کی شرح 5.8 فی صد نہیں ہو سکتی نہ ہی مہنگائی 3 گُنا کم ہو سکتی ہے، نواز شریف اس لیے جیل میں ہیں کیوں کہ عمران خان ترقی کی شرح 5.8 فی صد پر نہیں لا سکتے، اور مہنگائی کو 3 گنا کم نہیں کر سکتے۔