لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے کہ سندھ کےعوام کو لوٹنے والوں کے حساب کا وقت شروع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے بلاول بھٹوزرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول گھوٹکی میں ضمنی انتخاب میں متوقع شکست سے خوف زدہ ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ سندھ کےعوام پیپلزپارٹی کی لوٹ کھسوٹ سے چھٹکارا چاہتے ہیں، برسوں تک لوٹنے والے اب عوام کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سندھ کےعوام کو لوٹنے والوں کے حساب کا وقت شروع ہوگیا ہے، سندھ حکومت کے وزیراعلیٰ سمیت بیشتر وزرا پرکرپشن کے الزامات ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ بلاول کے والد اربوں کی کرپشن پرنیب کی حراست میں ہیں، واویلا والد کی کرپشن بچانے اوراحتساب سے بچنے کی کوشش ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں کرپشن کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، شہباز گل
یاد رہے کہ 10 مئی کو ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا ہے، دونوں جماعتوں نے خزانہ لوٹنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی تھی۔