لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے کہ مریم صفدر اعوان صاحبہ نے گاڑی غلط طریقے سے رکھی ہوئی تھی، نوازشریف 2016 میں غیرملکی معززین کے لیے منگوائی گئی گاڑی گھرلے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہباز گل نے اپنے پیغام میں کہا کہ ساڑھے 4 ماہ میں بہت بار ن لیگ، پی پی اراکین عثمان بزدارسے ملے۔
انہوں نے کہا کہ ملنے والوں میں ن لیگی اراکین کی تعداد زیادہ تھی، پوری شدت سے بزدار صاحب سے فارورڈ بلاک بنانے کا اظہارکیا گیا، عثمان بزدار صاحب نے مجوزہ اقدام کی حوصلہ شکنی کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جمہوریت میں خاندان کی کرپشن بچانے پرسیاسی بیانیہ نہیں بناتے، حکومت ہٹانے کے لیے سیاسی بیانیہ ہونا چاہیے۔
شہباز گل نے کہا کہ کل بھی ہم نے گھر سے گاڑی برآمد کی، گاڑی مریم صفدر اعوان صاحبہ نے غلط طریقے سے رکھی ہوئی تھی، نوازشریف 2016 میں غیرملکی معززین کے لیے منگوائی گئی گاڑی گھرلے گئے تھے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والد کافی عرصے سے جیل میں ہیں اور گاڑی مریم صفدر کے زیراستعمال تھی۔