اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو آج دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا، شہباز گل کو پمز اسپتال کے کارڈیک سنٹر لایا گیا ہے، میڈیکل بورڈ شہباز گل کا طبی معائنہ کرے گا۔
یاد رہے دو روز قبل اسلام آباد کی ایک عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو پمز سے منتقل کرنے کے بعد دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا تھا اور 24 اگست 2022 کو دن 1 بجے دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
فیصلے میں کہا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کی صحت کو کلینکلی مستحکم قرار دیا ہے میڈیکل بورڈ کے مطابق شہباز گل کو معمولی دمے کا مریض قرار دیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ذاتی حیثیت سے شہباز گل کو سنا اُن کی صحت ٹھیک ہے، شہباز گل کو 48 گھنٹے کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جاتا ہے جب ضرورت ہو شہباز گل کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
خیال رہے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آئی تھی، ذرائع نے بتایا تھا کہ شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ 6 رکنی بورڈ کی تیارکردہ ہے۔
میڈیکل بورڈ رپورٹ میں کہا گیا تھاکہ شہبازگل مکمل طور پر فٹ اور ہوش وحواس میں ہیں۔