سینئر سیاستدان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت اس لیے قائم ہے کہ پی ٹی آئی اور اداروں کی لڑائی ہے۔
اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت چاہتی ہی نہیں کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوں، شہباز شریف الیکشن ہارکر بھی وزیراعظم ہیں ان کےساتھ لوگوں کی موجیں لگی ہوئی ہیں، شہبازشریف کیوں چاہیں گے ملک میں سیاسی درجہ حرارت نیچے جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ کافی حد تک قریب تو آگیا تھا، بات چیت کرنے والی ٹیمیں ناتجربہ کار تھیں اس وجہ سے معاملہ خراب ہوا۔
کافی حد تک معاملات طے ہوگئے تھے، حکومت 20 دن مانگ رہی تھی، بانی پی ٹی آئی اپنی رہائی سے زیادہ دیگر رہنماؤں کی رہائی کےلیے فکرمند تھے، بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ بھی کرتے تو انھیں بنی گالہ ہی بھیج دیتے۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی حقوق ملتے تب بھی مسائل حل ہوجاتے، ہم نے سب سے بڑی غلطی یہی کی کہ رابطے ختم کردیے اور دوسروں نے فائدہ اٹھایا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کمیونیکیشن گیپ ہے جس کا فائدہ شہباز شریف اور ملک دشمنوں کا ہورہا ہے، ملک دشمن باہر بیٹھ کر پی ٹی آئی کا نام لےکر مہم چلا رہے ہیں۔
تیسرا فائدہ ان یوٹیوبرز کو ہورہا ہے جو بانی کا نام لےکر کروڑ پتی ہوگئے، کمیونیکیشن گیپ کا نقصان ملک اور بانی پی ٹی آئی کو ہورہا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور یوٹیوبرز کی موج لگی ہوئی ہے اورہم مشکلات میں ہیں، پی ٹی آئی کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ خود کو ملک کے خلاف مہم چلانے والوں سے خود کو الگ نہیں کرپارہی۔