لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ پر منشیات کے مبینہ کاروبار کے سنگین الزامات ہیں، عدلیہ آزاد اور ادارے خود مختار ہیں، مریم اورنگزیب عدلیہ پر بیانات داغ کر اداروں پر انگلی اٹھانا بند کریں۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عدالتوں میں دوران سماعت ججز کی تبدیلی معمول کا معاملہ ہے، مریم اورنگزیب شاید بھول گئی ہیں ججز پر دبا ڈالنا ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ من پسند فیصلے لینے کے لیے ججز کو کون فون کرتا تھا، حال ہی میں کیلبری کوئین جج کو بلیک میل کرنے کے لیے متنازع ویڈیو بنا لائیں، تاریخ گواہ ہے کرپٹ لیگ عدالت عظمی پر حملہ آور ہوئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے تمام ضروری شواہد عدالت میں جمع کروا رہے ہیں، مریم اورنگزیب جج اینڈ جیوری نہ بنیں، عدلیہ کو اپنا کام کرنے دیں، منفی پراپیگنڈہ کرنے کی بجائے بے گناہی کے ثبوت عدالت میں دیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیرقانون پنجاب اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کرنے والے جج مسعود ارشدکا تبادلہ کردیا گیا ہے، فاضل جج نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی، سماعت نہ کرنے پر رانا ثنااللہ کے وکلا کا فاضل جج سے تند و تیز جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
رانا ثنا اللہ کے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کرنے والے جج کا تبادلہ
مسلم لیگ ن کے رہنما راناثناء اللہ کو گذشتہ روز سخت سکیورٹی میں انسداد منشیات کی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم کے وکلاء نے کہا کہ حکومتی وزیر نے منشیات برآمدگی کی ویڈیو کی موجودگی کا دعوی کیا، مگر موٹروے ٹول پلازہ کی ویڈیو دے دی گئی، الزامات بے بنیاد ہیں۔