لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف آج لندن سے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے، جہاں سے وہ لاہور چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مریم اورنگ زیب اور شاہد خاقان عباسی نے ان کا استقبال کیا۔ شہباز شریف نے ایئر پورٹ پر اسکریننگ کروائی اور ہیلتھ ڈیکلیئریشن فارم بھی جمع کروایا۔
شہباز شریف کا درجہ حرارت نارمل ہونے پر محکمہ صحت نے انھیں جانے کی اجازت دی، جس پر وہ اسلام آباد ایئر پورٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوئے، انھوں نے پاکستان پہنچنے پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں، کوشش کریں کہ گھر ہی پر رہیں، احتیاط کریں تاکہ کوئی اس بیماری سے اپنے پیاروں سے جدا نہ ہو۔
شہباز شریف کو 14دن میو اسپتال قرنطینہ میں رکھنا چاہیے، فواد چوہدری
دریں اثنا، شہباز شریف اسلام آباد سے لاہور اپنی رہایش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے، وہ براستہ موٹر وے لاہور پہنچے۔
Just landed Islamabad — aik doosray se faasla rakhain aur koshish kar ke ghar per rahain ta ke koi bhi hum main se is beemari ki waja se apnay piyaroon se juda na ho- Allah aap sab ka aur watan e aziz ka Hamiyo Nasir ho. Love you all!
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 22, 2020
ادھر فواد چوہدری نے ٹویٹ کر کے لکھا کہ شہباز شریف کی فلائٹ کو پاکستان آنے دینا خوش آیند ہے، وہ اپوزیشن لیڈر ہیں، واپسی کے لیے بڑی محنت ہوئی، وہ آ گئے ورنہ پارٹی پر ان کے دوستوں کا قبضہ ہو ہی گیا تھا، امید ہے باقی شریف فیملی بھی اسی طرح واپس آئے گی۔