لاہور : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلفونک رابطے میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی آئندہ ہفتے اسلام آبادمیں ملاقات متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو دوبارہ یکجا کرنے کی کوششوں کا آغاز کردیا گیا ، اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان فون پر رابطہ ہوا۔
دونوں رہنماؤں کے رابطے میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی نامزدگی پر مشاورت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی آئندہ ہفتے اسلام آبادمیں ملاقات متوقع ہے، شہبازشریف آئند ہ ہفتے اسلام آباد جائیں گے ، اس دوران شہبازشریف مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں اور پارلیمانی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔
یاد رہے 30 اگست کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب یہ قافلہ رکے گا نہیں بلکہ جاری رہے گا۔