لاہور: احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو سینیٹ انتخابات میں شامل ہونےکی اجازت دے دی ، سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ کل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ایک دن باقی رہ گیا اور پولنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، اس سلسلے میں جیل حکام کی جانب سے سینیٹ الیکشن کیلیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو اسلام آباد لے جانے کی اجازت طلب کی گئی۔
جیل حکام نے اپنی درخواستوں میں موقف اپنایا کہ سینیٹ الیکشن تین مارچ کو ہو رہے ہیں اور سینیٹ کے الیکشن کے لیے شہباز شریف اور خواجہ آصف کو اسلام آباد لیکر جانا ہے لہذا عدالت دونوں زیر حراست ملزمان کو جیل سے اسلام آباد لیجانے کی دے۔
احتساب عدالت نے جیل سپرنڈنٹ کی شہباز شریف اور خواجہ آصف کے لیے دائر کی گئی دو الگ الگ درخواستوں کو منظور کرلیا اور سینیٹ الیکشن کے لیے شہباز شریف اور خواجہ آصف کو اسلام آباد لیجانے کی اجازت دے دی۔
واضح رہے کہ شہباز شریف اور خواجہ آصف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔