بدھ, اپریل 30, 2025
اشتہار

’پاکستان پر بھارتی الزامات بےبنیاد ہیں‘ شہبازشریف کی یواین سیکرٹری جنرل سے گفتگو

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے یواین سیکرٹری جنرل انتونیوگوترس سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے واضح کیا ہے کہ پاکستان پر بھارتی الزامات بےبنیاد ہیں۔

وزیراعظم نے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف عالمی جنگ میں بڑی قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھارتی الزامات بےبنیاد ہیں اور پاکستان کو پہلگام واقعے سے جوڑنے کی کوشش کو مسترد کرتے ہیں اور پہلگام واقعے کی شفاف و غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو غیرقانونی قرار دینےکی بھارتی کوششوں پر اظہارتشویش کیا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی پر شدید تشویش ظاہر کی۔

وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے پر بھارتی غیرقانونی اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس کا پانی 240ملین لوگوں کی لائف لائن ہے بھارت کی کسی بھی مہم جوئی پر پاکستان پوری طاقت سے جواب دےگا، پاکستان اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کاپوری طاقت سے دفاع کرے گا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جموں وکشمیر کاحل طلب مسئلہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، سیکرٹری جنرل یواین سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل کیلئےکردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے بین الاقوامی امن، سلامتی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کےغیرمتزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اہم نکتہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین مسائل بھی معنی خیز اور مثبت بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

بر صغیر کے دو پڑوسی ممالک کے درمیان جاری کشیدگی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا ’’ہم کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان اور بھارت کے لیے قابل قبول کسی بھی اقدام کی حمایت کریں گے۔‘‘

انھوں نے کہا ’’ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جس سے پاک بھارت تناؤ میں کمی آئے، اور بات چیت دوبارہ شروع ہو، مشکل ترین مسائل بھی معنی خیز اور مثبت بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں