لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے ترک صدررجب طیب اردوان کو بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا آپ کی کامیابی ترک عوام کا آپ پر بے مثال اعتماد کاثبوت ہے جبکہ ترک صدر کا کہنا تھا میں نوازشریف کی صحت یابی اورتندرستی کےلیےدعاگوہوں۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھیں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا آپ کی کامیابی ترک عوام کا آپ پر بے مثال اعتماد کا ثبوت ہے۔
ترک صدر نے خیرسگالی کے جذبات اور مبارکبادپر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان اورترکی بھائی ہیں ہمیشہ کی طرح ساتھ رہیں گے۔
رجب طیب اردوان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور کہا میں نواز شریف کی صحت یابی اورتندرستی کے لیے دعاگوہوں۔
اس سے قبل یکم اپریل کو شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترکی زبان میں جاری پیغام میں کہا تھا وہ اپنے بھائی رجب طیب ایردوان کو ان کی جماعت کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہیں ، انھوں نے ثابت کردیا ہے کہ سیاسی کامیابی عوامی خدمت کےبل بوتے پر حاصل ہوتی ہے، اور یہ کامیابی ان کی قیادت پر عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے ۔
Değerli Kardeşim Sayın Cumhurbaşkanı Erdoğan’ı yerel seçimlerde kazandığı başarı nedeniyle en kalbi duygularımla kutluyorum. Bu seçim olağanüstü yönetimine verilen bir güven oyudur.O,halka hizmet etmenin halk tarafında karşılık bulduğunu kanıtlamıştır. PakTürk dostluğu daim olsun
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 1, 2019
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترک صدر رجب طیب اردوگان کو مقامی سطح پر الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا پاکستان کےعوام ان کی مزیدکامیابیوں کےلیےدعاگوہیں۔
خیال رہے ترک صدر کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی نے اتحادیوں کے ساتھ ملکر بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔