پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

شہباز شریف نے بڑے بھائی کی صحت سے متعلق تشویش ناک بیان جاری کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی محمد نواز شریف کی صحت سے متعلق تشویش ناک بیان جاری کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بھائی سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے برادر بزرگ نواز شریف کی صحت بدستور تشویش ناک ہے، ان کے علاج کے لیے ضروری عمل میں 2 بار تبدیلی کرنا پڑی، جتنا وقت گزر رہا ہے اتنا ہی طبی عمل کے لیے گنجایش کم ہو رہی ہے، نواز شریف کے علاج و معالجے کے حق کے احترام کی ضرورت ہے۔

بیان میں انھوں نے کہا کہ مریم نواز کو ایسے وقت میں اپنے والد کے پاس ہونا چاہیے تھا، لیکن بیٹی کو پاکستان سے آنے کی اجازت نہیں دی گئی، دوسری طرف پیچیدہ اور جان لیوا بیماریوں کے باعث نواز شریف کی صحت نازک ہے، عارضہ قلب پر پہلے بھی وہ 2 بار اوپن ہارٹ سرجری سے گزرے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی موجودہ بیماری کی تشخیص رائل برومپٹن اسپتال میں ہوئی، معالجین نے دل کی شریانوں اور خون کے بہاؤ میں رکاوٹوں کا انکشاف کیا، معالجین نے دل کے بڑے حصے کے شدید متاثر ہونے کا انکشاف کیا ہے، کلثوم نواز کا انتقال ہوا تو نواز شریف صاحب زادی کے ہمراہ جیل میں تھے، شریک حیات کھو دینے کے شدید غم نے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے مشکل ترین وقت میں مریم نواز ان کی قوت کا باعث بنیں، لیکن یہ افسوس ناک امر ہے کہ مریم نواز کو والد کی دیکھ بھال کے لیے آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، مریم نواز کے نہ ہونے پر 2 بار کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کا عمل تبدیل ہوا، مریم نواز کو انسانی ہم دردی کی بنیاد پر والد کے پاس آنے کی اجازت دی جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں