لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف آج اپنے بیٹے حمزہ شہباز سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے صاحب زادے حمزہ سے آج جیل کوٹ لکھپت میں ملاقات کی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے حمزہ کی خیریت دریافت کی۔
حمزہ شہباز کی اہل خانہ سے ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو اس سلسلے میں پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا تھا۔
جیل ذرایع کے مطابق حمزہ شہباز نے دیگر اہل خانہ سے بھی ملاقات کی، ان کی طبیعت چند دن قبل ناساز ہو گئی تھی، انھیں پیٹ میں درد اور قے کی شکایات لاحق ہو گئی تھیں۔
ذرایع نے بتایا کہ حمزہ شہباز کا کرونا اور ٹائی فائیڈ ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس کلیئر آئی ہیں، اور اب حمزہ شہباز کی طبعیت بہتر ہے۔
جیل میں حمزہ شہباز کی طبیعت خراب ہو گئی
واضح رہے کہ گزشتہ تین دن سے جیل میں حمزہ کی طبیعت خراب تھی، پیٹ میں درد اور قے سے متعلق شکایات سے جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا، جیل کے اسپتال کے عملے نے حمزہ شہباز کا چیک اپ بھی کیا تھا۔
یاد رہے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کیا تھا، وہ ریمانڈ پر جیل میں ہیں، نیب کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز، سلمان شہباز، شہباز شریف اور نصرت شہباز نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔