جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

اداروں سے تصادم کی پالیسی نقصان دہ ہے، چوہدری نثار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نازک دور سے گز رہی ہے، ریاستی اداروں سے تصادم کی پالیسی کے خلاف ہوں کیونکہ اس سے نقصان ہوسکتا ہے، شہباز شریف کی نامزدگی مثبت ثابت ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ انتہائی نازک دور سے گزررہی ہے، اس وقت جوش سے زیادہ ہوش سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیصلوں کے لیے سیاسی مشاورت کی بہت زیادہ ضرورت ہے کیونکہ سیاسی جماعتیں ٹوئٹس اور ٹکرز سے نہیں چلائی جاسکتیں اور نہ ہی غیر سیاسی لوگوں کے فیصلے مسلط ہونے سے پارٹیوں کی ساکھ بہتر ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: کیا شہباز شریف کی سوئی قسمت جاگ اٹھی؟ وزارت عظمیٰ کے سوال کا دلچسپ جواب

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر تصادم کی پالیسی کے خلاف ہوں، ہمیں اپنی تمام تر توجہ سیاسی مخالفین پر رکھنی چاہیے اور غیر ضروری تنازعات میں الجھنے سے گریز کرنا چاہیے۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ’سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا، غیر سیاسی عناصر کے قومی اداروں کو نشانہ بنانے کے بیانے کو پذیرائی نہیں دینی چاہیے‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ذاتی طور پر ایسے شخص کو سیاستدان نہیں سمجھتا جس نے بلدیاتی کونسل کا الیکشن بھی نہ لڑا ہو، ایسے لوگوں سے مشورے لینے کی وجہ سے پارٹی اور قومی اداروں کو نقصان پہنچ رہا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے عدلیہ مخالف ٹویٹ‘ عدالت نے نوٹس جاری کردیا

واضح رہے کہ سابق نااہل وزیراعظم میاں محمد نوازشریف پاناما فیصلے کے خلاف عدلیہ مخالف تحریک چلانے کا اشارہ دے چکے ہیں، لندن سے وطن واپسی پر انہوں نے عدلیہ کے فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عوام انصاف کا ترازو دیکھنا چاہتے ہیں تحریک انصاف کا نہیں‘۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں