اسلام آباد : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسپیکرکو سپریم کورٹ حکم کے مطابق آج عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانا ہوگی ، آج آپ اسپیکر کا کردار ادا کرکے تاریخ میں اپنا نام لکھوائیں۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرسوں پاکستان کی تاریخ میں تابناک دن تھا، عدالت نے آپ کےغیرآئینی اقدام کو کالعدم قرار دیا، نظریہ ضرورت کا سہارا لینے کےبجائے اسے دفن کیاگیا اور پاکستان کا مستقبل تابناک بنا دیا گیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ممبران اور پوری قوم کو سلام پیش کرتاہوں،عدالت نے وزیراعظم،ڈپٹی اسپیکرکے غیرآئینی اقدام کو کالعدم قرار دیا، امید کرتا ہوں آپ سپریم کورٹ کے حکم پر کارروائی چلائیں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ایوان سلیکٹڈ وزیراعظم کو شکست دینے جارہا ہے، اسپیکر سے کہتاہوں آئین وقانون ،عدالتی فیصلے کیلئےکھڑےہوجائیں ، آج آپ اسپیکر کا کردار ادا کرکے تاریخ میں اپنا نام لکھوائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کی طرح پاکستانی ہیں ،غیرملکی سازش کی بات کرینگے تو قوم کو وہ دن بھی یاد ہے جب چینی صدر آئے تو دھرنا دیا تھا، اپوزیشن والے خود دار اور باوقار لوگ ہیں۔
شہبازشریف نے اجلاس میں اسپیکر سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھا اور کہا سپریم کورٹ حکم کے مطابق صرف عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانا ہوگی، اس کے علاوہ آپ کسی اور ایجنڈے پر بات نہیں کرسکتے۔