اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی اور کہا ملک معاشی دیوالیہ ہوا تو ذمے دار عمران نیازی ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ معاشی طور پر دیوالیہ کی خبریں عالمی میڈیا سے آرہی ہیں ، اصل خطرہ یہ ہے کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرگیا تو کیا ہوگا؟ ملک معاشی دیوالیہ ہوا تو ذمے دار عمران نیازی ہوں گے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ معاشی تباہ ہوگئے توکسی کوعالمی سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اصل سازش اندر سے حکومت کرچکی ہے، عالمی پیش گوئیاں ہیں عدم استحکام جاری رہا تو ڈالر 200 سےاوپر چلا جائے گا، ڈالر کی قیمت 186 روپے سے اوپر جارہی ہے جو ملک نیک فال نہیں۔
انھوں نے کہا کہ جو خطرناک صورتحال جنم لے گی، وہ ہماری ہنگامی توجہ کی مستحق ہے، معاشی صورتحال کے پیش نظر مہنگائی کی قیامت مزید بڑھ جائے گی ، ملک معاشی مضبوط ہو تو ہر مشکل صورتحال، ہر سازش کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ اصل سازش عمران نیازی نےمعیشت کی تباہی کی صورت میں کی ہے، کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خطرے پرتوجہ دلائی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں 4.3 ارب ڈالریعنی 430 کروڑڈالر کی کمی ہوئی۔
شہبازشریف نے کہا کہ عدالت عظمی کا جلد فیصلہ کرنا پاکستان کے قومی مفادات کی ضرورت ہے۔