لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو 5 جولائی کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب ذرایع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کو اثاثہ جات کیس میں پانچ جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے، شہباز شریف کو مطلوبہ دستاویزات ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل نیب صاف پانی اور آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں بھی شہباز شریف کو طلب کر چکا ہے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف اور ان کے صاحب زادوں حمزہ اور سلمان کے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اہم پیش رفت ہو چکی ہے، زیر حراست ملزم شاہد شفیق کے انکشافات پر مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کمپنی کرپشن کیس، شہباز شریف آج نیب میں پیش ہوں گے
ملزم پر شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام ہے، موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزمان کروڑوں روپے شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے رہے۔
پچھلی بار نیب نے شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے پورے خاندان کو بیان کے لیے طلب کیا تھا۔
لیگی صدر کو نیب لاہور نے 13 مئی کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن کیس میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی، لیکن شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے تھے۔