اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر کی حمایت پر چین کے صدر شی جن پنگ اور ترک صدر رجب طیب اردگان سے اظہار تشکر کیا ، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے فروغ کے لیے اپنی سر توڑ کوششیں جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حمایت پر چین کے صدر شی جن پنگ اور ترک صدر رجب طیب اردگان کو اظہار تشکر کا خط لکھا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے چینی صدر کے نام خط میں لکھا کہ کشمیر پر آپ کی حمایت پاکستان سے آپ کی پرخلوص اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے۔ چین نے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے۔
کشمیر پر چین کی حمایت پاکستان سے پرخلوص اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے
شہباز شریف کا کہن اتھا کہ چین کے صدر نے بجا طور پر اس دوستی کو آئرن برادرز کا نام دیا ہے، وہ اور ان کی جماعت سی پیک منصوبہ کے فروغ کے لیے اپنی سر توڑ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے یہ یقین بھی ظاہر کیا کہ سی پیک پورے خطے میں خوشحالی کی نوید ہے، سی پیک کو بین الریاستی تعلقات کی کامیاب مثال کے طور پر تبدیل ہوتے دیکھنے کے آرزو مند ہیں۔
کشمیر کے مسئلے پر حمایت پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات اور پرخلوص دوستی کا ثبوت ہے
ترک صدر کے نام خط میں شہباز شریف نے لکھا کہ کشمیر کے مسئلے پر آپ کی حمایت پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات اور پرخلوص دوستی کا ثبوت ہے ، یقین دلاتے ہیں کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
خط میں شہباز شریف نے چین اور ترکی کے صدور کی قیادت میں دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیاہے۔
یاد رہے چین کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیرکا مسئلہ تاریخی ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے. بھارتی آئینی ترامیم سے خطےمیں تناؤ پیدا ہوگا، کشمیرکی موجودہ صورت حال پرچین کو تشویش ہے، بھارتی اقدامات سے چین کی سلامتی بھی چیلنج ہوئی ہے، بھارت کے یک طرفہ اقدامات درست نہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کشمیرکی موجودہ صورت حال پراظہار تشویش کرتے ہوئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔