لاہور: مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف اہلِ خانہ کے ہم راہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے، بیگم کلثوم کے انتقال کے دکھ میں دونوں بھائی گلے مل کر آب دیدہ ہوگئے، مریم نواز بھی چچا کے گلے لگتے ہی دھاڑیں مار مار رو پڑیں۔
جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ والدہ کے انتقال کی خبر سن کر مریم نواز کی طبیعت خراب ہوگئی تھی، تاہم چچا سے ملنے کے بعد ان کی طبیعت سنبھل گئی ہے۔
دونوں بھائیوں نے ملاقات میں پیرول پر رہائی سمیت کلثوم نواز کی میت کی پاکستان منتقلی پر تبادلۂ خیال کیا، نواز شریف نے چھوٹے بھائی کو تجہیز و تکفین بہتر انداز میں کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے شریف خاندان کے وکلا نے وزارتِ داخلہ کو درخواست دی تھی، نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے بعد شہباز شریف لندن روانہ ہوں گے۔
دوسری طرف شہباز شریف نے سابق خاتونِ اوّل اور باہمت خاتون بیگم کلثوم کی وفات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ماں، بہن، بیٹی اور اہلیہ کے طور پر مثالی کردار ادا کیا.
شہباز شریف نے کلثوم نواز کی وفات کو ایک بڑا صدمہ اور بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ’مشکل حالات میں کلثوم نواز نے مصائب کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مسلم لیگ ن اور جمہوریت کلثوم نواز کی قرض دار رہے گی، اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘
خیال رہے کہ آج سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئیں، وہ گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔