اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف احتساب سےبچنےکی کوشش کر رہے ہیں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کامعاملہ زیرغور ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہبازشریف کےنزدیک سیاست صرف اقتدار کا نام ہے یہ سمجھتے ہیں کہ احتساب سے بچنے کیلئے نئے الیکشن کا ڈرامہ رچادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کےخاندان پر کرپشن کے الزامات ہیں، شہزاد اکبر نے ایک ایک چیز کاثبوت دیا ایک ایک اکاؤنٹ کا بتایاگیا، شہبازشریف کوچاہیے جو سوالات کئے گئے ہیں ان کے جواب دیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ شہبازشریف احتساب سے بھاگنے کیلئے ہر قسم کا شوشہ اڑاسکتے ہیں، شہبازشریف کی الیکشن کی خواہش احتساب سے بچنے کیلئے ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے ہمیشہ انصاف کومنہ چڑایا اس بار انہیں کہیں نہیں جانے دیں گے، شوشےچھوڑنےسےشہبازشریف کی احتساب سےبچت نہیں ہوگی، شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کامعاملہ زیرغورہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت بین الاقوامی سطح پر کورونا نے معیشت کومتاثر کیا ہے کسی ملک میں ایسے حالات نہیں جو پہلے تھے، وزیراعظم نےپہلےبھی کہا تھاکہ غریب ممالک کی قرضے میں چھوٹ دی جائے۔