اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کا قیام عمل میں آیا، 118 سال پہلے مسلم لیگ کے قیام کے بعد آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے، ن لیگ قائد نواز شریف کی زیر قیادت پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مصروف عمل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہوئیں، سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبے نے انہیں سرخرو کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ کے ادوار میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی، سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور عام آدمی خوشحال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ آج بھی ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مصروف عمل ہے، ن لیگ نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور سلامتی کو ترجیح دی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی، کارکنان اور سیاسی اکابرین کی بدولت پارٹی نے آمروں کے سامنے نعرہ حق بلند کیا۔