بہاولنگر: پاک فوج کے جوان قربانیوں کی ایسی داستانیں پیش کرتے ہیں جن کی مثال ممکن نہیں، شہید جوان کی تدفین کے روز اس کے گھر بیٹے کی ولادت نے ہرآنکھ اشک بارکردی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے منصبِ شہادت پر فائز ہونے والے جوان شہید عاطف سردار کی تدفین گزشتہ روز عمل میں لائی گئی ، وہ گزشتہ سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور ان کی تدفین کے روز ہی ان کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے ۔
یادرہے کہ شہید عاطف کے والد بھی پاک آرمی سے ریٹائرڈ ہیں جبکہ شہید کے 2 بھائی بھی پاک فوج کا حصہ ہیں۔ شہید جوان عاطف سردار کی نماز جنازہ ڈونگہ بونگہ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شہید عاطف سردار نے دو روز قبل دہشت گردوں کے حملے میں جنوبی وزیرستان وانا میں جام شہادت نوش کیا۔22 سالہ شہید عاطف نے 2 سال قبل آرمی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔