قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ انشا اللہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی ہوگی۔
لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی افتتاحی تقریب کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی جرسی کی رونمائی کردی گئی، کھلاڑیوں کی نئی جرسی کے ساتھ اسٹیڈیم آمد ہوئی۔
اس موقع پر فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا کہ قوم دعا کرے ہم بہترین کھیل پیش کریں گے۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلیں تو الگ جذبہ ہوتا ہے، قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کی مبارکباد دیتا ہوں، قوم چیمپئنز ٹرافی کے لیے دعا کرے اور ہمیں سپورٹ کرے۔
علاوہ ازیں افتتاحی تقریب میں علی ظفر، آئمہ بیگ اور عارف لوہار نے اپنی آواز کا جادو جگایا، اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے حالیہ مہینوں میں عمدہ کرکٹ کھیلی ہے، چیمپئنز ٹرافی اب ہمارے کھلاڑیوں کی جیت کی منتظر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہمارے ہمسائے کو شکست فاش دے کر 24 کروڑ عوام کے دل جیت لیں گے، اس وقت کا انتظار کررہا ہوں جب ہمارے کھلاڑی ہندوستان کو شکست دیں گے۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کا آغاز کل سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہورہا ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کل اسی میدان میں مدمقابل آئیں گی۔