کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے دیے جانے والے خصوصی اجازت نامے کے بعد شاہین ایئر کی حج پرواز 216 حاجیوں کو لے کرکراچی پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شاہین ایئرلائن کی حج پرواز این ایل 704 مدینے میں پھنسے 216 حاجیوں کو لے کر رات گئے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔
کراچی ایئرپورٹ پر حجاج کرام کے عزیز واقارب نے حاجیوں کا استقبال پھولوں کے ہاروں سے کیا۔
اس موقع پر حاجیوں کا کہنا تھا کہ دو روز انہوں نے بہت مشکل میں گزارے، ان کے پاس کھانے کے لیے کچھ تھا اور نہ ہی رہنے کے لیے جگہ تاہم بعد میں انہیں ہوٹل مہیا کیے گئے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئرکے لائسنس کی توسیع کردی
یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شاہین ایئرلائن کے لائسنس میں توسیع حج آپریشن کے لیے کی گئی تھی، شاہین ایئر کو حاجیوں کی واپسی کے لیے پروازآپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مدینہ کے حج ٹرمینل پر325 سے زائد پاکستانی حجاج محصورہیں، شاہین ایئر کوانسانی بنیادوں پر اجازت دے گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے شاہین ایئرلائن کے ریگولرپبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں 30 ستمبر تک توسیع کی گئی۔