ابوظبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ آج سے ابوظبی میں کھیلا جائے گا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جیت کے لے پرعزم ہیں۔
ابوظبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد خان نے کہا کہ یاسر شاہ کی کارکردگی سے کافی فائدہ ہوا، کھلاڑیوں کی کوشش ہے کہ پاکستان کو سیریز جتوائیں، محمد عباس کی جگہ شاہین آفریدی ڈیبیو کریں گے۔
پلیئنگ الیون کے سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ کی کنڈیشن دیکھ کر حتمی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ فہیم اشرف کو 12 کھلاڑیوں میں شامل رکھا ہے تاہم بلال آصف یا فہیم اشرف میں سے کسی ایک کے انتخاب کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ کیپنگ ان کی جاب ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں وہ ضرور 150 کیچ سے دو شکار دور ہیں، ٹیم کے لیے بہترین وکٹ کیپنگ ان کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو تیز ترین دو سو وکٹیں حاصل کرنے کے لیے مزید پانچ وکٹیں درکار ہیں۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ سے تیسرے ٹیسٹ میچ کی تیاری کے لیے قومی کرکٹرز نے بھرپور پریکٹس کی، بیٹسمینوں مین کوچز کی ٹاپ آرڈر پر توجہ مرکوز رہی، محمد حفیظ اور امام الحق نے نیٹ میں طویل سیشن کرتے ہوئے آف اسٹمپ سے باہر جاتی ہوئی گیندوں پر تکنیک بہتر بنائی۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم صرف 4 رنز سے ہار گئی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے قومی ٹیم نے کیویز کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔