پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے آسٹریلیا سے پہلے ٹیسٹ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ کیرئیر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، وارنر کے لیے نیک تمنائیں ہیں مگر پرامید ہوں وہ پاکستان کے خلاف اچھا پرفارم نہیں کریں گے۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ پاکستان فی الحال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، امید ہے آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کینبرا میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں مگر پی ایم الیون کے خلاف میچ سیریز کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، آسٹریلیا نے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا ہے مگر پاکستان ٹیم اس چیلنج کے لیے تیار ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے پاس سینئر اور جونیئر کا اچھا کمبی نیشن ہے، ہم آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کے خلاف کھیل چکے ہیں آسٹریلوی کھلاڑی ہمیشہ مضبوط انداز سے مقابلہ ہیں۔