پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میں اور حارث رؤف ان فٹ نہیں ہوئے بلکہ ہمیں نظر لگی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انجری کے باعث کرکٹ کے میدانوں سے دور پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایسے چٹکلے چھوڑے کہ تقریب میں ہنسی کے فوارے چھوٹ گئے۔
شاہین آفریدی سے تقریب میں کسی نے ان کی فٹنس کے بارے میں سوال کیا تو فاسٹ بولر نے برجستہ کہا کہ میں اور حارث رؤف ان فٹ نہیں ہوئے بلکہ ہمیں نظر لگی ہے لیکن ہم جلد ہی دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
شاہین آفریدی کا یہ کہنا تھا کہ محفل زعفران زار ہوگئی۔ اس موقع پر فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ پی ایس ایل تو ابھی دور ہے، ہم دونوں دو سے تین ہفتوں میں ہی دوبارہ کرکٹ کے میدانوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا میڈیکل بورڈ ہمارے ساتھ فٹنس کے لیے کام کر رہا ہے اور ہم اس حوالے سے پُرامید ہیں۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف میدان سے باہر بھی ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں۔ گزشتہ دنوں جب شاہین آفریدی کا اپنڈکس کا آپریشن ہوا تو حارث رؤف نے اسپتال جاکر ان کی عیادت کی تھی۔
شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہوئے تھے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی بولنگ سے دنیا بھر کے ماہرین اور شائقین کرکٹ سے داد سمیٹنے والے حارث رؤف کو ہوم سیریز میں ٹیسٹ میں ڈیبیو کرایا گیا لیکن وہ بھی زخمی ہونے کے بعد سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔