شاہین شاہ آفریدی جو لاہور قلندرز کے ساتھ پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان بھی ہیں ان کی زیرقیادت 11 میں سے 10 میچوں میں شکست ہوئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر ہیں جن کی زیر قیادت لاہور قلندرز نے تنزلی سے ترقی کی جانب سفر شروع کیا اور دو بار پی ایس ایل کی فاتح بنی مگر اب ان ہی کی قیادت میں ترقی سے تنزلی کی جانب سفر جاری ہے کیونکہ دفاعی چیمپئن پی ایس ایل 9 میں ابتدائی 6 میچز ہار کر ایونٹ سے تقریباً آؤٹ ہو چکی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کو بابر اعظم کے قیادت چھوڑنے کے بعد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا گیا تھا تاہم سال 2024 ان کے لیے بطور قائد تاحال خوشگوار ثابت نہیں ہوا ہے اور میچز کے نتائج سے انہوں نے خود کو ناکام کپتان ثابت کیا ہے۔
شاہین کی زیر قیادت اب تک 11 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے صرف ایک میں فتح ہاتھ آئی جب کہ 10 میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قومی کپتان کا پہلا امتحان جنوری میں نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز تھی جو چار ایک سے ہاری۔ اس کے بعد جاری پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور تاحال فتح کا مزا چکھنے سے محروم ہے۔
شاہین شاہ کی بطور کپتان اس کارکردگی پر ان کے شائقین مایوسی پھیل گئی ہے۔