لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کو آسٹریلیا سے وطن واپسی کے لیے سفر شروع کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی شب پاکستان پہنچے گی جبکہ لاہور پہنچنے پر ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق پریس کانفرنس کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان سات دسمبر کو متوقع ہے، ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کرکٹرز 8 دسمبر کو راولپنڈی میں اکٹھے ہوں گے جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے شروع ہو گا۔
واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے ’پنک بال‘ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا نے 0-2 سے جیت کر پاکستان کو وائٹ واش کیا تھا، دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دی تھی۔۔
دورہ آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے بعد 2 ٹیسٹ کی سیریز میں بھی گرین شرٹس کو وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا۔
مزید پڑھیں : ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا
ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں بھی کپتان سمیت 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔
خیال رہے کہ یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بار مسلسل 2 میچز میں اننگز کی شکست ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں مسلسل پانچویں بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔