پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر شاہد خان آفریدی کا ایک اہم تبصرہ سامنے آیا ہے۔
محمد حفیظ نے گزشتہ روز کرکٹ کی دنیا کو الوادع کہا، جس کے بعد سے مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک قابل تشویش امر کی طرف اشارہ کر دیا ہے۔
جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور کرکٹر آفریدی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں محمد حفیظ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان سن رہا تھا، ان کے رویے سے واضح محسوس ہو رہا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ابھی مزید کھیلنا چاہتے ہیں۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں کمی پر بات کرتا رہا ہوں، جہاں تک میرا خیال ہے یہی محمد حفیظ کے ساتھ ہوا۔
پروفیسر حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس بات سے خوش ہوں کہ محمد حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے معاملے کو متنازع نہیں بننے دیا۔ دریں اثنا، شاہد خان آفریدی نے محمد حفیظ کے شان دار کرکٹ کیریئر پر انھیں مبارک باد بھی دی۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹر آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 میچز کھیلے۔
محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ کھیل کر 3652 رنز بنائے، 10 سنچریز اور 12 ففٹیز اسکور کیں، 28 اگست 2006 کو پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا، محمد حفیظ اس کا بھی حصہ تھے، انھوں نے 119 میچز میں 14 ففٹیز کی مدد سے 2514 رنز بنائے۔