کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس اور سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ٹک ٹاک بند ہونے پر خوشی کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی بندش پر فنکار اور کھلاڑیوں کا ردعمل بھی آگیا، اداکار عمران عباس اور بوم بوم آفریدی نے ٹک ٹاک کی بند ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے، واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
پاکستانی ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی لگائے جانے کے باعث جہاں سے لوگ غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں وہیں کچھ لوگ اس پر خوشی بھی محسوس کررہے ہیں۔
عمران عباس نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر خوشی کے آنسوؤں والی ایموجی کے ساتھ لکھا کہ 2020 زیادہ برا نہیں ہے۔
اداکار کے اس پیغام اور لکھنے کے انداز کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عمران عباس پی ٹی اے کے اس اقدام سے کافی خوش نظر آرہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹک ٹاک بند ہونے پر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے، میرا خیال ہے کہ اسے بند ہی ہونا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوامی شکایات پر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک ملک بھر میں بند کردی۔
پی ٹی اے ترجمان کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک ایپ بند کرنے کا فیصلہ غیر اخلاقی مواد کے باعث کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ٹک ٹاک کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہو رہی تھی، ویڈیو شیئرنگ ایپ کو متعدد مرتبہ معیار بلند کرنے کے لیے نوٹس بھی دیے تھے۔
ترجمان کے مطابق ٹک ٹاک غیر اخلاقی مواد روکنے میں ناکام رہا، جس کے باعث اسے ملک بھر میں بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک چینی کمپنی کی پروڈکٹ ہے جو دنیا بھر میں 40 زبانوں میں دستیاب ہے اور جو پاکستان سمیت دنیا بھر کے نوجوانوں میں بے پناہ مقبول بھی ہے۔