کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کو سنگل وکٹ کھیلنے کا چیلنج دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز (ون ڈیز) کی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز کرس گیل نے پانچ روز قبل بنگلا دیش کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 66 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے اور انہوں نے اب سب سے زیادہ چھکے مار کر شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کردیا۔
جارحانہ اننگز کے بعد کرس گیل انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 476 چھکے مارنے والے کھلاڑی بن گئے جبکہ اس سے پہلے یہ اعزاز شاہد خان آفریدی کے پاس تھا جو اب برابر ہوگیا۔
مزید پڑھیں: کرس گیل نے شاہد آفریدی کا چھکوں کا ریکارڈ برابر کردیا
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گیل نے لکھا کہ ’شاہد آفریدی کا 476 چھکوں کا ریکارڈ برابر کرنا آسان نہیں تھا تاہم اب یہ برابر ہوگیا تو میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں پہلا ریکارڈ بنانے والے کو جوائن کرسکا۔
ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی نے مزید کہا کہ ’اب میں مزید چھکے نہیں ماروں گا لہذا بوم بوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اُن کا ریکارڈ قائم رہے گا‘۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ریکارڈ برابر ہونا میرے لیے کوئی پریشانی کی بات نہیں بلکہ میں آپ کو سراہتا ہوں‘۔
آفریدی نے چلینج دیا کہ ’آئیے ایسا سنگل وکٹ میچ کھیلتے ہیں کہ جس میں آؤٹ ہونے کا کوئی قانون نہیں ہو، پھر دیکھتے ہیں کہ کون زیادہ چھکے مار سکتا ہے‘۔
No worries at all in the Universe Boss taking over my record! Richly deserved, hope to play a single wicket match with you one day, let’s see who hits more 6s and there should be no rules for getting OUT! 😁@henrygayle https://t.co/WxEaUhKjgY
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) August 4, 2018
واضح رہے کہ کرس گیل نے 476 چھکے مارنے کا ریکارڈ 443 میچز کھیل کر پورا کیا اور اُن کی ریٹائرمنٹ میں ابھی دو سال سے زائد کا عرصہ باقی ہے اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ یہ اعزاز اپنے نام کرلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:شاہد آفریدی اور کرس گیل کی جارحانہ اننگز
شاہد خان آفریدی نے 476 بار گیند کو سیدھا باؤنڈری لائن کے باہر پھینکنے کا اعزاز 524 میچز میں حاصل کیا تھا اور اب چونکہ وہ ریٹائرمنٹ لے چکے لہذا یہ چھن جانے کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اپنے کیریئر میں ون ڈے انٹرنیشنل میں 351 ، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 73 اور ٹیسٹ میچز میں 52 چھکوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔علاوہ ازیں کرس گیل نے اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں 275، ٹی ٹوئنٹی میں 103 اور ٹیسٹ میچز میں 98 چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔