جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

شاہد آفریدی بھارتی ٹیم اور تماشائیوں پر برس پڑے

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کی شکست کے بعد شاہد آفریدی نے انڈین کھلاڑیوں اور بھارتی شائقین کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔

آسٹریلیا نے بھارت کو اس کی سر زمین پر شکست دے کر چھٹی بار عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز پایا ہے جس کے بعد بھارتی شائقین آپے سے باہر ہیں تاہم میچ کے دوران شکست کے آثار واضح ہونے کے بعد بھی ان کا رویہ اسپورٹس مین اسپرٹس سے عاری تھا جس پر شاہد آفریدی نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت کی شکست پر ایک مقامی نجی ٹی وی پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آسٹریلیا کی جانب سے شاندار کھیل پر شائقین کرکٹ کی جانب سے پذیرائی نہ ملنے پر کہا کہ ہم نے وہاں کرکٹ کھیلی ہے اور یہی تجربہ رہا ہے کہ جب بھی ہم چوکا یا چھکا لگاتے یا کوئی سنچری کرتا تھا تو اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کو سانپ سونگھ جاتا تھا۔

- Advertisement -

شاہد آفریدی نے فائنل میچ میں بھارتی شائقین کے رویے کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کو نام نہاد پڑھی لکھی قوم کہتی ہے لیکن فائنل والے دن کا ان کا رویہ اس کے بالکل برخلاف تھا۔ کھیل سے محبت کرنے والی قومیں تعصب سے بالاتر ہوکر ہر اچھا کھیلنے والے کو داد دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے میچ میں ٹریوس ہیڈ کی سنچری ایک بہت بڑی اننگ تھی کیا ہو جاتا کہ اسٹیڈیم میں موجود کچھ لوگ کھڑے ہو کر تالیاں بجا دیتے لیکن وہاں تو سانپ سونگھ گیا تھا اور ایسا لگا کہ جس طرح بھارتی ٹیم کی باڈی لینگویج نگیٹو رہی اسی طرح کراؤڈ کا رویہ بھی منفی رہا اور یہ سب میرے لیے حیران کن تھا۔

شاہد آفریدی نے پروگرام کے دوران آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے بہت زبردست کرکٹ کھیلی اور دنیا کو بتا دیا کہ وہ ذہنی طور پر بہت مضبوط ہیں جو ہار نہیں مانتے اور آخر تک لڑتے ہیں۔ وہ نئی نسل کے لیے رول ماڈل ہیں کہ کس طرح مشکل صورتحال سے نکلا کر ہارے ہوئے میچز جیتے جاتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ 47 رنز پر 3 آؤٹ ہونے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور لبوشن نے جو شاندار اننگ کھیلی وہ دیگر ٹیموں کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ ماڈرن کرکٹ صرف چوکے چھکے نہیں بلکہ سنگل ڈبل سے بھی ماڈرن کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔ جب آپ وکٹ نہ دیں اور سنگل ڈبل سے اسٹرائیک روٹیٹ کرتے رہیں تو یہ مخالف پر پریشر بڑھاتے ہیں اگر اس موقع پر وکٹ گر جاتی تو آسٹریلیا کے لیے بہت مشکل ہوتی لیکن وہ صورتحال کے مطابق کھیلے اور پھر سب نے دیکھا کہ جب پارٹنر شپ بڑھی تو بھارتی ٹیم کی باڈی لینگویج منفی ہوتی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں