قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت نے کھیل میں سیاست لاکر کرکٹ خطرے میں ڈال دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ بھارت نے کھیلوں میں سیاست ملوث کرکے انٹرنیشنل کرکٹ خطرے میں ڈالی ہے آئی سی سی کو اپنی رٹ منوانی چاہیے۔
دوسری جانب راشدلطیف نے کہا کہ پی سی بی اپنا مؤقف واضح کرچکا ہے، آئی سی سی میٹنگ گیم چینجرثابت ہوگی۔
راشد لطیف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمعے کا دن کرکٹ کے لیے بڑا اہم ہوگا، یہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کی تبدیلی کادن بھی ہوسکتا ہے۔
سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ پی سی بی کامؤقف بالکل درست ہے، تمام ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں تو بھارت کوبھی اعتراض نہیں پونا چاہیے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں تین آپشن زیر غور آئیں گے، جن میں سے پہلا ایک ہائبرڈ آپشن ہوگا، اس میں زیادہ تر میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے لیکن جن میں بھارت شامل ہوگا وہ میچز پاکستان سے باہر کھیلے جائیں گے۔
دوسرے آپشن کے تحت یہ ٹورنامنٹ مکمل طور پر پاکستان سے باہر کھیلا جائیگا، تاہم پی سی بی کے پاس میزبانی کے حقوق برقرار رکھنے کا اختیار موجود ہوگا۔
تیسرا آپشن یہ ہوگا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پورا ایونٹ پاکستان میں کھیلا جائیگا تاہم اس میں بھارت موجود نہیں ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ بھارت کے بغیر منعقد ہوگا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ٹورنامنٹ میں بھارت کو مائنس کرنے کا آپشن بھی موجود ہے، آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں یہ آپشن بھی ڈسکس ہوسکتا ہے۔