اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

اقبال ڈے پر اسکولوں کی چھٹی کے بجائے خصوصی تعلیمی سیشنز ہونے چاہئیں،شاہد آفریدی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے اقبال ڈے پر اسکولوں کی چھٹی کے بجائے اقبال کی یاد میں خصوصی تعلیمی سیشنز ہونے چاہئیں، میری نظر میں یہی بہترین طریقہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اقبال ڈے کی چھٹی کے حوالے سے کہا اقبال کوخراج عقیدت ان کے نظریے آگے لے کر چلنے سے دیا جاسکتا ہے، ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کو تعلیم سے ہمکنار کریں۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ اقبال ڈے پر اسکولوں کی چھٹی کے بجائے اقبال کی یاد میں خصوصی تعلیمی سیشنز ہونے چاہئیں، میری نظر میں یہی بہترین طریقہ ہے۔

یاد رہے یوم اقبال پر 9 نومبر کو عام تعطیل بحال کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی ، حکومت کے ساتھ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے بھی  قرارداد کی مخالفت کی تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما  احسن اقبال نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان میں پہلےہی 52 قومی تعطیلات ہیں جوبہت زیادہ ہیں، علامہ اقبال نےمحنت کادرس دیا ہے، ہربات پرچھٹی کا نہیں، ایک دن کی چھٹی سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : یوم اقبال پرعام تعطیل بحالی کی قرارداد پیش، حکومت اوراحسن اقبال کی مخالفت

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے حزبِ اختلاف کے رہنما احسن اقبال کی حمایت کرتے ہوئے ان کے موقف کو درست  قرار دیا اور کہا کہ ہرچیز پرچھٹی کا تاثر ختم ہونا چاہیے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہرچیز پرچھٹی کردیں، اقبال ڈے پر ہمیں چھٹی نہیں بلکہ لوگوں کو ان کے بارے میں بتانا چاہیے۔

واضح رہے کہ 9 نومبر کو شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے، علامہ اقبال برصغیر پاک و ہند کے عظیم شاعر تھے جنہوں نے سب سے پہلے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا، ان کے اس تصور کو پاکستان کے خواب سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔

علامہ اقبال کا بیش تر کلام جوانوں میں عقابی روح پھونکنے، ان میں غیرتِ ملی کو بیدار کرنے اور انہیں ہمہ وقت آمادہٗ عمل رہنے کے فلسفے پر مشتمل ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں