قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کا سفیر مقرر کیا تو سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا آگ بگولہ ہوگئے۔
دراصل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کوالیفائر ون میچ کے دوران سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے کمنٹیٹر آکاش چوپڑا کے سوال کے جواب میں شاہد آفریدی پر طنز کیا تھا۔
چوپڑا نے مذاق میں سریش رائنا سے پوچھا کہ ’کیا آپ کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کوئی ارادہ ہے۔‘ سریش رائنا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’میں سریش رائنا ہوں، شاہد آفریدی نہیں۔‘
سریش رائنا یہ جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور انہیں آفریدی کے مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
تاہم اب ایکس (ٹوئٹر) پر صارف نے سریش رائنا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئی سی سی نے شاہد آفریدی کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا سفیر نامزد کیا ہے، ہیلو سریش رائنا۔‘
رائنا نے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ ’میں آئی سی سی کا سفیر نہیں ہوں لیکن میرے گھر پر 2011 کا ورلڈ کپ ہے، موہالی کا میچ یاد ہے؟ امید ہے اس سے آپ کو ایسی یادیں آئیں گی جو آپ بھلا نہیں پائیں گے۔‘
بعدازاں صارف نے لکھا کہ شاہد آفریدی کے گھر پر بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے سفیر مقرر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2011 کے ورلڈ کپ میں موہالی کے میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف 29 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں رائنا نے 39 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔