کراچی: بوم بوم آفریدی نے کہا ہے کہ وقار یونس سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے، کتاب میں بھارتی پبلشر نے غلط عمر درج کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شاپنگ مال میں شاہد آفریدی کی کتاب ’گیم چینجر‘ کی تقریب رونمائی ہوئی جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میں بھارتی پبلشر نے غلط عمر درج کردی جسے آئندہ ایڈیشن میں درست کردیا جائے گا۔
عمر کے تنازع پر آفریدی کا کہنا تھا کہ میری پیدائش 1977 کی ہے، کتاب میں میری عمر 1975 تحریر ہے لیکن 1977 میں پیدا ہوا، کتاب کی ای کاپی میں درست عمر تحریر ہے۔
واضح رہے کہ بوم بوم آفریدی کی پیدائش آفیشل سال 1980 ہے۔
مزید پڑھیں: آفریدی کی کتاب ’گیم چینجر‘ کی کراچی میں رونمائی، مداح کو کتاب کا تحفہ
سن 2010 میں ہونے والے فکسنگ تنازع کے حوالے سے آفریدی کا کہنا تھا کہ میچ فکسنگ سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کو بتادیا تھا لیکن کسی نے اس پر کان نہ دھرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پوری قوم کی امید ہیں، تمام سینئرز کی عزت کرتا ہوں اگر کسی کے بارے میں منفی بات کی ہے تو اس کے بارے میں مثبت حقائق بھی بیان کیے ہیں، سابق کپتان وقار یونس سے میرا کوئی ذاتی مسئلہ نہیں رہا، اختلافات تو بھائیوں میں بھی ہوجاتے ہیں۔
سابق اسٹار آل راؤنڈر نے گوتم گھمبیر کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گوتم کا علاج ہمارے اسپتال میں زیادہ اچھا ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمارے لوگوں کو ویزے جاری نہیں کرتا مگر میرے گوتم کو یہاں کا ویزہ لگوا کر دوں گا۔